غزہ سرد جہنم میں تبدیل، 19لاکھ افراد بے گھر، غذائی قلت اور سیلاب زدہ کیمپوں پر 8ممالک سراپا احتجاج

تازہ ترین

تازہ ترین

غزہ
(فوٹو: لاس اینجلس ٹائمز)

اسرائیلی جارحیت اور زمینی و فضائی حملوں کے بعد کھنڈرات کی صورت اختیار کر جانے والا غزہ کا علاقہ سخت موسمی حالات کے باعث سرد جہنم کا منظر پیش کررہا ہے جہاں 19لاکھ افراد بے گھر ہیں۔ شدید غذائی قلت اور سیلاب زدہ کیمپوں سمیت دیگر عوامل پر 8اسلامی ممالک سراپا احتجاج ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سخت سردی کے باعث غزہ کی ابتر ہوتی صورتحال نے 8برادر اسلامی ممالک کی قیادت کو مشترکہ بیان جاری کرنے پر مجبور کردیا۔ اپنے بیان میں برادر اسلامی ممالک بشمول پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات نے غزہ کی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔

آٹھوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ مؤقف پر مبنی اعلامیہ جاری کیا جن میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا بیان بھی شامل ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ شدید موسمی حالات نے غزہ میں نازک انسانی صورتحال کے حقائق بے نقاب کردئیے ہیں۔ شدید بارشوں اور اشیائے ضروریہ کی قلت نے انسانی المیے کو مزید پیچیدہ کردیا۔

وزرائے خارجہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں بنیادی سہولیات کی بحالی کی سست رفتاری نے انسانی بحران کو بد تر کردیا۔ 19لاکھ بے گھر افراد ناکافی پناہ گاہوں میں زندگی بسر کررنے پر مجبور ہوئے۔ سیلاب زدہ کیمپ، تباہ خیموں، منہدم عمارات، شدید سردی اور غذائی قلت سے سنگین خطرات جنم لے چکے ہین۔

اعلامیے کے مطابق غزہ کی شدید موسمی صورتحال کے دوران بارش کا پانی جگہ جگہ کھڑا ہونے کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگوں میں بیماریاں پھیلنے کے سنگین خدشات ہیں۔ ایسی صورت میں انسانی امداد کیلئے عالمی اداروں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، جس کی راہ میں کوئی بھی رکاوٹ ناقابل قبول ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اعلامیے میں کہا گی اکہ ہم مشکل حالات میں فلسطینیوں کو امداد دینے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ بھی اداروں کی غزہ میں بلارکاوٹ فوری اور مکمل رسائی یقینی بنائے۔ غزہ میں قیام امن کیلئے سلامتی کونسل کی قرارداد اور صدر ٹرمپ کے جامع پلان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

Related Posts