بنوں میں جاری آپریشن کے دوران 8 خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جبکہ 1 پولیس اہلکار کی شہادت اور 1 کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بنوں میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیے گئے مشترکہ آپریشن کے دوران 8خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ سی پی او کے مطابق بنوں میں یہ آپریشن تھانہ میزبان کی حدود میں صبح سویرے کیا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی نگرانی کیلئے جدید ڈرونز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 10کلوگرام وزنی دیسی ساختہ بم برآمد ہوا جسے موقعے پر ہی ناکارہ بنادیا گیا۔ آئی جی کے پی کے ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے میں پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے سینہ سپر ہے۔ دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران جوانوں کی قربانیاں اور شہادتیں سکیورٹی فورسز کے عزم کو مزید توانا کرتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








