گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے قریب اوتھل کے علاقے میں تیز رفتار گاڑیوں کے ٹکرانے سے نو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق فقیرا اسٹاپ پر ایک مسافر کوچ اور دو پک اپ وینز آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی جبکہ دونوں پک اپ گاڑیاں خضدار کی جانب رواں دواں تھیں۔ حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اوتھل اور بیلہ کے سول اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
بلوچستان سمیت ملک کے مختلف شاہراہوں پر ایسے حادثات روزانہ درجنوں قیمتی جانیں لے رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان المناک واقعات کی بڑی وجوہات اوور اسپیڈنگ، لاپرواہی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ اس کے باوجود مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کی زندگیاں مسلسل خطرے میں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے اور عوام بھی ان اصولوں کی پابندی کریں تو ایسے المناک حادثات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ بصورت دیگر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








