ایران ایئر کی کوئٹہ سے زاہدان تک پہلی پرواز، 75 مسافر روانہ

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو آن لائن

ایرانی حکومت کی جانب سے زائرین کی سہولت کے لیے شروع کی گئی ایران ایئر کی پروازوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ جمعہ کی شب کوئٹہ سے زاہدان جانے والی پہلی پرواز 75 مسافروں کو لے کر روانہ ہوئی۔

ایران ایئر کا ایئربس اے-319 رات 9 بج کر 15 منٹ پر کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا اور دو گھنٹے سے زائد قیام کے بعد رات 11 بج کر 30 منٹ پر ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان کے لیے روانہ ہوا۔

ابتدائی طور پر ایران ایئر ہفتے میں ایک پرواز کوئٹہ اور زاہدان کے درمیان چلائے گی، تاہم مسافروں کی طلب کے مطابق پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر کوئٹہ ایئرپورٹ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایران کے قونصل جنرل، کاروباری برادری کے اراکین، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے، ایئرپورٹ منیجر وحید شاہ، ٹرمینل منیجر اسماعیل کھوسو اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے چیف سیکیورٹی آفیسر موجود تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستانی زائرین کو اربعین کے لیے ایران اور عراق سڑک کے راستے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ وزارت خارجہ، حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔

Related Posts