ژوب میں پاک۔افغان سرحد پردراندازی کی کوشش ناکام، 33 دہشتگرد ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک۔افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 33 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشتگرد بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 7 اور 8 اگست کی درمیانی شب ژوب کے علاقے سمبزہ میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت تکنیکی ذرائع سے محسوس کی گئی۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا شدید تبادلہ جاری رہا۔

کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جو پاکستان کے اندر تخریب کاری کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

فوج کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ریاست مخالف عناصر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگردی کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس‘‘ کی پالیسی جاری رکھی جائے گی۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے تاکہ باقی ماندہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اس لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

علاوہ ازیں، ریڈیو پاکستان کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے ہووید اور وزیرآباد علاقوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 14 مشتبہ سہولت کاروں کو گرفتار اور تین ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔

Related Posts