پاکستان موقف پر ڈٹ گیا! میچ ریفری پائی کرافٹ کی تبدیلی تک ایشیا کپ کھیلنے سے انکار

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے واضح کیا ہے کہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کی شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔

بورڈ کے ترجمان کے مطابق اس معاملے پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے اور توقع ہے کہ آج ہی کوئی حتمی مؤقف سامنے آ جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پی سی بی کا آخری فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔

یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی ہے جب میڈیا پر پاکستان کے ممکنہ بائیکاٹ اور شمولیت سے متعلق مختلف قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

قبل ازیں بعض ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ تنازع حل کر لیا گیا ہے اور پاکستان کے مطالبے پر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو یو اے ای کے خلاف میچ سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے دباؤ پر اس تبدیلی کو قبول کیا۔

آئی سی سی کا ریفری کی تبدیلی سے انکار! کیا پاکستان ایشیا کپ کا بائیکاٹ کریگا؟

یاد رہے کہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب پاکستان اور بھارت کے گروپ میچ کے دوران بھارتی ٹیم نے نہ ٹاس کے وقت اور نہ ہی میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا۔

اس پر مزید حیران کن پہلو اس وقت سامنے آیا جب مبینہ طور پر میچ ریفری پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو بھی ہدایت دی کہ وہ بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملائیں۔ اس واقعے نے شکوک و شبہات کو جنم دیا اور پاکستان نے اسے بھارت اور ریفری کے درمیان مبینہ ملی بھگت قرار دیا۔

پاکستان نے اس رویے پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا تھا کہ اگر پائی کرافٹ کو ریفری کے عہدے سے نہ ہٹایا گیا تو ٹیم مزید میچز میں شرکت نہیں کرے گی۔ موجودہ صورتحال میں سب کی نظریں پی سی بی کے آج سامنے آنے والے حتمی فیصلے پر جمی ہیں۔

Related Posts