سرمایہ کاروں نے کیا نئی حکمتِ عملی اپنائی؟ حصص بازار میں تیزی سے ماہرین بھی حیران

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روز کاروبار کے آغاز پر تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا جہاں صرف ابتدائی 10 منٹ میں 100 انڈیکس میں 800 پوائنٹس سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 9 بج کر 45 منٹ پر اسٹاک مارکیٹ 158,605.14 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہی تھی جوکہ گزشتہ روز کے اختتام پر 157,945.02 پوائنٹس تھی۔

اس سے ایک دن قبل منگل کے روز بھی مارکیٹ میں بہتری کا رجحان دیکھا گیا جہاں 100 انڈیکس 390.36 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 0.25 فیصد بہتری کے بعد 157,945.03 پر بند ہوا تھا، جو کہ پچھلے کاروباری دن 157,554.66 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

منگل کے روز مجموعی طور پر 1.52 ارب سے زائد حصص کا کاروبار ہوا جن کی مالیت تقریباً 58.72 ارب روپے رہی۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ کاروباری دن 1.66 ارب حصص کا لین دین ہوا تھا جن کی مالیت تقریباً 60.90 ارب روپے تھی۔

کاروبار کے دوران 486 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی جن میں سے 195 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ، 261 کے شیئرز میں کمی جبکہ 30 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

کاروبار کے لحاظ سے سرفہرست کمپنیوں میں کے-الیکٹرک لمیٹڈ شامل رہی، جس کے 44 کروڑ 66 لاکھ سے زائد شیئرز 6.31 روپے فی شیئر کے حساب سے ٹریڈ ہوئے۔ اس کے بعد پیس (پاکستان) لمیٹڈ کے 8 کروڑ 91 لاکھ سے زائد شیئرز 10.36 روپے فی شیئر اور سینرجیکو پاکستان کے 6 کروڑ 16 لاکھ سے زائد شیئرز 8.50 روپے فی شیئر پر خریدے گئے۔

قیمت کے اعتبار سے سب سے زیادہ اضافہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ ‘بی’ کے شیئرز میں دیکھا گیا، جو 2,480.12 روپے اضافے کے ساتھ 27,281.27 روپے پر بند ہوئے۔ اسی طرح یونی لیور پاکستان فوڈز لمیٹڈ کے شیئرز میں بھی 390 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ان کی قیمت 33,131.00 روپے ہو گئی۔

آج کی سب سے فائدے مند کرنسی کون سی ہے؟ جانیں مکمل تفصیل

دوسری جانب سب سے زیادہ کمی سیمنز پاکستان انجینئرنگ کے شیئرز میں دیکھی گئی، جو 74.97 روپے کم ہو کر 1,634.22 روپے پر بند ہوئے، جبکہ نیسلے پاکستان کے شیئرز میں 36.26 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد وہ 8,376.16 روپے پر آ گئے۔

فیوچرز مارکیٹ میں بھی سرگرمی دیکھی گئی، جہاں 47 کروڑ 39 لاکھ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا، جس کی مجموعی مالیت 33.76 ارب روپے رہی، جو گزشتہ کاروباری دن کے 33.24 ارب روپے سے کچھ زیادہ تھی۔

اس مثبت رجحان سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار مارکیٹ میں اعتماد کے ساتھ داخل ہو رہے ہیں اور اسٹاک مارکیٹ آئندہ دنوں میں مزید بہتری کی امید رکھتی ہے۔

Related Posts