وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں آئندہ چند ماہ کے دوران سات بڑے شہروں میں فائیو جی سروس متعارف کرائی جائے گی۔
یہ اعلان انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں چھبیسویں آئی ٹی سی این ایشیا ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر نے اعتراف کیا کہ فائیو جی کی شروعات ایک مشکل مرحلہ ہے تاہم حکومت ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
آپ کونسی کمپنی کی سم استعمال کرتے ہیں؟ پاکستان کے بہترین موبائل نیٹ ورکس کی نئی رینکنگ
انہوں نے بتایا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنی سالانہ رپورٹ میں واضح کیا تھا کہ بڑھتی ہوئی براڈ بینڈ استعمال کے باوجود فائیو جی میں منتقلی ایک بڑا چیلنج ہوگی۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر بھاری مالی بوجھ ضرور ہے لیکن حکومت کے لیے ڈیجیٹل ترقی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ حالیہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی بنیادی عنصر ہے جس کے ذریعے پاکستان کے ڈیجیٹل ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا اور معیشت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل ترقی کو وسیع تر معاشی بہتری سے جوڑا جا رہا ہے، کیونکہ پاکستان اب ڈیفالٹ کے خدشات سے نکل چکا ہے، مہنگائی میں کمی آئی ہے اور معاشی اشاریے استحکام ظاہر کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ملک کی معاشی ترقی کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کو ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت سراہا گیا ہے۔
تقریب میں وزیر نے یہ بھی بتایا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جبکہ وفاقی کابینہ نے ملک کی پہلی مصنوعی ذہانت کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔
اب گوگل سے پوچھنے کی ضرورت نہیں! واٹس ایپ کے نئے فیچر سے ہر سوال کا جواب فوری ممکن
ان کے مطابق سال کے اختتام تک پانچ لاکھ سے ایک ملین نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکورٹی میں تربیت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے درست استعمال سے نوجوان روایتی ملازمتوں کی جگہ لے سکیں گے۔
انٹرنیٹ کی ناقص کارکردگی پر عوامی خدشات کے جواب میں شزا فاطمہ نے وضاحت کی کہ حال ہی میں جدہ کے قریب بحیرہ احمر میں دو سب میرین کیبلز کو نقصان پہنچا جس سے انٹرنیٹ خدمات متاثر ہوئیں، تاہم حکومت فائبرائزیشن اور سب میرین کیبل کی گنجائش بڑھانے پر کام کر رہی ہے تاکہ سروسز مزید بہتر اور مستحکم ہو سکیں۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حالیہ دنوں میں بھارت سے سائبر حملوں کی متعدد کوششیں ناکام بنائی گئیں اور کسی بھی سرکاری ویب سائٹ کو نقصان نہیں پہنچنے دیا گیا جو کہ ملک کے ڈیجیٹل دفاعی نظام کی کامیابی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








