دنیا بھر میں حلال انڈسٹری غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور کھربوں ڈالر کی معیشت میں ڈھل چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ شعبہ اب صرف مسلم ممالک تک محدود نہیں رہا بلکہ غیر مسلم دنیا میں بھی تیزی سے مقبولیت اختیار کر رہا ہے، جس سے پاکستان جیسے ملک کیلئے بے پناہ مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال میں دنیا بھر کے مسلمان خوراک، فیشن، سیاحت، دواسازی اور کاسمیٹکس پر تقریباً 2.4 ٹریلین ڈالر خرچ کریں گے، جبکہ 2028 تک یہ حجم بڑھ کر 3.5 ٹریلین ڈالر سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے بروقت حکمتِ عملی اختیار کی تو وہ خوراک، مشروبات، فارماسیوٹیکل، کاسمیٹکس، فیشن اور سیاحت سمیت تمام بڑے حلال شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔
ماہرین کا موقف ہے کہ حلال کا مطلب صرف شرعی اصولوں کی پابندی نہیں بلکہ معیار، اعتماد اور صارف کو بہترین قدر فراہم کرنا بھی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حلال مصنوعات نہ صرف روحانی اطمینان دیتی ہیں بلکہ عملی افادیت بھی رکھتی ہیں۔
دنیا کا سب سے بھاری سونے کا لباس نمائش کے لیے پیش، قیمت سن کر آپ کے ہوش اڑ جائیں گے
برازیل کی مثال سامنے ہے، جو صرف گوشت کی مد میں ہر سال عرب ممالک کو 24 ارب ڈالر کی برآمدات کرتا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ برازیل جیسے بڑے برآمد کنندہ ملک کے حکام اب بھی اپنی حلال انڈسٹری کو مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دنیا کا سب سے بڑا ایکسپورٹر مزید امکانات تلاش کر رہا ہے تو پاکستان کے لیے اس موقع کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے۔
حلال سیاحت بھی ایک ابھرتا ہوا شعبہ ہے، جہاں کئی غیر مسلم ممالک مسلم سیاحوں کو متوجہ کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ پاکستان میں خوراک اور مشروبات فطری طور پر حلال ہیں، اس لیے یہاں علیحدہ پروڈکشن لائنز کی ضرورت نہیں پڑتی، لیکن چیلنج یہ ہے کہ ان مصنوعات کو عالمی منڈی میں مؤثر حکمت عملی کے ساتھ متعارف کرایا جائے۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ حلال پروٹین کی عالمی کھپت اس وقت ایک ٹریلین ڈالر سالانہ ہے، مگر پاکستان کا حصہ صرف 0.5 بلین ڈالر ہے۔ اسی طرح حلال فارماسیوٹیکل اور کاسمیٹکس کی 250 بلین ڈالر کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی شراکت صفر ہے۔
ماہرین کے مطابق، اگر پاکستان بروقت پالیسی سازی، عالمی سرٹیفکیشن اور مؤثر مارکیٹنگ کو اپنائے تو حلال معیشت کے چار بڑے شعبے حلال پروٹین، فارماسیوٹیکل و کاسمیٹکس، حلال سیاحت اور حلال فیشن، ملکی برآمدات میں انقلابی اضافہ لا سکتے ہیں اور پاکستان کھربوں ڈالر کی اس عالمی انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام حاصل کر سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








