پاکستانی اداکارہ سجل علی نے معروف ڈیزائنر مریم حسین کے تازہ ترین برائیڈل شوٹ میں دلکش انداز میں جلوہ گر ہوکرایک بار پھر اپنے مداحوں کو مسحور کر دیا ۔
سجل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر شیئر کیں جن میں وہ مختلف رنگوں کے خوبصورت عروسی لباس میں نظر آئیں۔ ان تصاویر کو دیکھ کر ان کے مداح تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
اس شوٹ میں سجل نے سرخ رنگ کے دیدہ زیب لہنگے کا انتخاب کیا جو قیمتی گوٹہ اور باریک کڑھائی سے مزین تھا، جس نے ان کے انداز کو مزید شاندار بنا دیا۔ ایک اور تصویر میں وہ نارنجی اور سیاہ لباس میں دکھائی دیں جس نے ان کے چاہنے والوں کو بے حد متاثر کیا۔
مریم حسین نے ان تصاویر کے ساتھ تحریر کیا کہ بے مثال اور دیومالائی حسن کی حامل سجل علی نے اس عروسی انداز کو کمال خوبی سے سجایا ہے۔
سجل اکثر اپنی برائیڈل اور فیسٹیو فوٹوشوٹس کے ذریعے مداحوں کو محظوظ کرتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک مشہور برانڈ کے سبز ملبوس میں اپنی جھلکیاں شیئر کی تھیں، جس میں ان کی مسکراہٹ کو مداحوں نے بے حد سراہا اور انہیں پاکستان کی سب سے باوقار اور سجیلا اداکارہ قرار دیا۔
اداکاری کے میدان میں بھی سجل علی ان دنوں ڈرامہ سیریل میں منٹو نہیں ہوں میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ اس ڈرامے کے ایک منظر میں وہ اپنے نکاح کا پرانا لباس زیب تن کیے نظر آئیں جس نے مداحوں کو ماضی کی یادوں سے جوڑ دیا۔
سجل پہلی مرتبہ گلوکار سے اداکار بننے والے فرحان سعید کے ساتھ آنے والے پراجیکٹ تو جو ملا میں جلوہ گر ہوں گی۔
اس اعلان نے شائقین میں زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے اور سب ان دونوں فنکاروں کی اسکرین پر جوڑی دیکھنے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








