کراچی میں بارش نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا، طوفان سے شہر کو کتنا خطرہ ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

کراچی کے مختلف حصوں میں منگل کو شدید گرمی اور حبس کے کئی دنوں بعد ہلکی اور درمیانی بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بارش سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی اور موسم خوشگوار تبدیلی اختیار کر گیا۔

کراچی کے متعدد علاقوں میں بارش کی اطلاع ملی، جن میں حسن اسکوائر، گارڈن، گولیمار، کارساز، شاہراہ فیصل، ایم اے جناح روڈ، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس، جیل چورنگی، شاہراہ قائدین، کشمیر روڈ، گلشن اقبال، اولڈ سٹی ایریا، کھارادر، شیر شاہ اور بلدیہ ٹاؤن شامل ہیں۔

شہر ہم خود ٹھیک کریں گے، وفاق 200 ارب روپے دے، میئر کراچی کا انوکھا مطالبہ!

کراچی کے باہر بھی سندھ کے مختلف اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

سانگھڑ اور گردونواح میں تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش نے گرمی اور حبس کو توڑ دیا۔ اسی طرح کے حالات سیہون اور قریبی علاقوں میں بھی رپورٹ ہوئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، کراچی میں آج اور کل ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے جو پوسٹ مون سون سسٹم کے تحت ہوگی۔

سائیکلون وارننگ سینٹر نے بتایا کہ ایک واضح کم دباؤ کا نظام خلیج کھمبات اور ملحقہ گجرات (بھارت) کے قریب موجود ہے اور امکان ہے کہ یہ شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔

مرکز کے مطابق اس وقت پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم اس نظام کی قریبی نگرانی کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ کے دیگر اضلاع جیسے تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص اور بدین میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

اس دوران سمندری ہوائیں 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی توقع ہے۔ تیز جھکڑوں کے باعث ماہی گیروں کو 2 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Related Posts