نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ایک نیا اپائنٹمنٹ بُکنگ فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت شہری ملک بھر کے نادرا رجسٹریشن مراکز (NRCs) میں اپنے اپائمنٹ کا وقت پہلے سے طے کر سکیں گے۔
یہ اعلان جمعہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا۔ نیا نظام اس مقصد کے لیے بنایا گیا ہے کہ نادرا مراکز میں لمبی قطاروں اور انتظار کے اوقات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے طے شدہ وقت سے کم از کم 10 منٹ پہلے مرکز پر پہنچیں تاکہ کارروائی بروقت اور آسانی سے ہو سکے۔
نسوار کے شوقین خوش ہو جائیں! ہائی کورٹ نے پابندی کو غیر موثر قرار دے دیا
یہ اقدام نادرا کے اُن وسیع تر اقدامات کا حصہ ہے جو رجسٹریشن مراکز میں مسلسل بھیڑ اور رش کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
پاک آئی ڈی ایپ پہلے ہی متعدد سہولیات فراہم کر رہی ہے، جن میں نئے یا تجدید شدہ شناختی کارڈ (CNIC) اور نائیکوپ (NICOP) کے لیے درخواستیں، بائیو میٹرک تصدیق، دستاویزات اپلوڈ کرنا اور گھر بیٹھے محفوظ آن لائن ادائیگی کی سہولت شامل ہے۔
اپائنٹمنٹ سسٹم کے ساتھ ساتھ نادرا نے اپنی ڈیجیٹل پیمنٹ سہولت میں بھی بہتری کی ہے۔ اب پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم افراد اپنی فیس ایزی پیسہ، جاز کیش اور ای سہولت کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں، جس سے لین دین مزید تیز اور آسان ہو گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








