ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بڑا اقدام، ادارۂ تحفظِ ماحولیات نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ کارروائی 17 اکتوبر سے اسلام آباد پولیس کے تعاون سے شروع ہوگی، جس کے دوران شاہراہوں پر موقع پر ہی گاڑیوں کا دھواں ٹیسٹ کیا جائے گا۔
وزارتِ موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق اگر کسی گاڑی سے حد سے زیادہ دھواں خارج ہوا تو مالکان کو بھاری جرمانہ یا گاڑی ضبط کیے جانے جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کارروائی سے بچنے کے لیے 17 اکتوبر سے قبل اپنی گاڑیوں کا دھواں ٹیسٹ کروا کر کلیئرنس اسٹیکر حاصل کر لیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کلیئرنس کے بغیر سڑکوں پر آنے والی گاڑیاں فوری جرمانے کی زد میں آئیں گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور ممکن ہو تو عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کریں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔
یہ کریک ڈاؤن حکومت کے اُس وسیع تر ماحولیاتی پروگرام کا حصہ ہے جس کا مقصد دارالحکومت کو “کلین اینڈ گرین اسلام آباد” ماڈل سٹی میں تبدیل کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








