سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گھریلو صارفین کو سردی کے موسم میں کچن کی مشکلات سے بچانے کیلئے صبح 5بجے سے رات 10 بجے تک بلا تعطل گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کا شیڈول جاری کیا تھا، تاہم نئے اعلان کے تحت یہ شیڈول واپس لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کو صبح 5 سے رات 10 بجے تک بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی سینئر قیادت کا کہنا ہے کہ گیس وافر مقدار میں موجود ہے اور گھریلو سارفین گیس کمپنی کی اوؔلین ترجیح ہیں۔ گیس میں تعطل والے علاقوں میں کمپریسر کا استعمال کیاجاتا ہے۔ صارفین کو ضرورت کے مطابق گیس کا استعمال کرنا ہوگا، گیس کے ضیاع سے اجتناب کریں۔
پرانا شیڈول کیا تھا؟
یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اور خیبر پختونخوا کیلئے سوئی ناردرن گیس کمپنی (ایس این جی پی) نے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کرتے ہوئے گیس صارفین کو گیس فراہمی کے اوقاتِ کار کی آگہی گزشتہ روز فراہم کی۔
ایس این جی پی کی جانب سے پنجاب اور کے پی کے لیے دسمبر تا فروری گیس لوڈ شیڈنگ شیڈول جاری کردیا گیا جس کے مطابق صارفین کو 3 اوقات میں وقفے وقفے سے گیس کی سپلائی جاری رہے گی۔
سوئی گیس حکام کا کہنا تھا کہ گیس کی فراہمی کے دوران عوام ناشتہ اور کھانا بنا سکتے ہیں۔نئے لوڈ شیڈنگ شیڈول کے مطابق صبح ساڑھے 5 سے ساڑھے 8 گیس فراہمی جاری رہے گی جبکہ دوپہر میں ساڑھے 11 سے ڈیڑھ بجے تک گیس سپلائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








