ویڈیو: ریگنگ، جنسی ہراسانی اور انسانیت سوز تشدد، موت سے قبل 19سالہ طالبہ نے کیا کہا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

19 سالہ طالبہ
(فوٹو: آن لائن)

بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں ایک کالج کے پروفیسر اور 3طالبات نے 19سالہ طالبہ کو ریگنگ کے نام پر جنسی ہراسانی اور انسانیت سوز تشدد کیا، جس کے نتیجے میں جواں سال پلوی کچھ عرصہ موت اور زندگی کی جنگ لڑنے کے بعد انتقال کر گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی پولیس نے ریگنگ، جسمانی تشدد اور جنسی ہراسانی کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طالبات اور پروفیسر کی جانب سے جنسی ہراسانی کا واقعہ گزشتہ برس ستمبر میں پیش آیا تھا، تاہم طالبہ کے اہل خانہ نے دسمبر 2025 میں پولیس سے رجوع کیا۔ طالبہ کے بستر مرگ پر آخری بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

ویڈیو میں متاثرہ طالبہ کا کہنا ہے کہ اسے بوتلوں سے مارا گیا اور انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بنایا یگا۔ طالبہ کے والد نے مقدمہ درج کرایا جس کے مطابق 3طالبات نے ان کی بیٹی پر جسمانی تشدد کیا، ڈرایا دھمکایا اور خوفزدہ کردیا جبکہ کالج کے پروفیسر نے فحش اور غیر اخلاقی حرکات کیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبہ پہلے ہماچل پردیش کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج رہی تاہم حالت مزید خراب ہونے پر لدھیانہ کے ہسپتال میں منتقل کردی گئی تاہم 26دسمبر کو وہ انسانیت سوز تشدد سے ہونے والے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرانے میں تاخیر اس لیے ہوئی کیونکہ طالبہ طویل اور دردناک بیماری میں مبتلا تھی اور جب وہ انتقال کر گئی تو اہل خانہ شدید صدمے کا شکار ہوگئے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔

بی جے پی رہنما جے رام ٹھاکر سمیت ملک کی متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے 19سالہ طالبہ کی موت کو انتہائی شرمناک واقعہ قرار دیتے ہوئے پولیس کی مبینہ غفلت پر بھی سوالات  اٹھائے ہیں اور معاملے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔

ماضی میں بھی بھارت کے تعلیمی اداروں میں اس قسم کے واقعات پیش آتے رہے ہیں، جبکہ بھارتی قانون میں اس قسم کے جرائم پر سخت قوانین کے باوجود طاقت کا غلط استعمال اور خوف طلبہ و طالبات کو اس قسم کے حالات میں دھکیل دیتا ہے جہاں انسانیت سوز سلوک ان کی جان لے کر چھوڑتا ہے۔

Related Posts