اسلام آباد: وفاقی حکومت نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تین مرتبہ اضافہ کیا، جبکہ دو مواقع پر ان میں کمی بھی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے اگرچہ حالیہ دنوں میں مسلسل دو بار قیمتیں کم کی گئی ہیں، اس کے باوجود شہری اب بھی پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 400 روپے فی لیٹر سے زائد نرخ پر خریدنے پر مجبور ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ماہ کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں مجموعی طور پر 61 روپے 16 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جبکہ اسی عرصے میں صرف 11 روپے 80 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی۔یوں مجموعی کمی کو مدنظر رکھنے کے باوجود ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اب بھی 49 روپے 36 پیسے فی لیٹر کا خالص اضافہ برقرار ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے عوام کو عید سے قبل بڑا ریلیف دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا تھا۔
گزشتہ روز پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 6، 6 روپے کی کمی کی گئی۔ پیٹرول فی لیٹر 6 روپے سستا ہونے کے بعد نئی قیمت 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی اور اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 80 پیسے کمی کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 403 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








