مکہ مکرمہ: وزیرِاعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وفد کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ہے، ان کے اعزاز میں طواف سے پہلے بیت اللہ کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے تھے۔
بیت اللہ کے دروازے کھول کر وزیراعظم عمران خان کو زیارتِ خاص کروائی گئی۔ خیال رہے کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورے پر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان امامِ کعبہ سے ملاقات کریں گے جبکہ مسلم ورلڈ لیگ کے سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیرِاعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز وفد کے ہمراہ روضہ رسول صلی اللّہ علیہ وسلم پر حاضری دی تھی۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی، امت مسلمہ کی یکجہتی، کورونا وبا سے نجات کے لئے خصوصی دعائیں بھی کی تھیں۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان ، معاونِ خصوصی برائے سیاسی مواصلات ڈاکٹر شہباز گل اور وزیرِ اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کو روک کر عدالتی فیصلے کا تمسخر اڑایا گیا، شاہد خاقان
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








