اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو جشنِ آزادی کے موقعے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کا تحفہ ہے، ملک کو خوشحال بنانے کیلئے ہر شہری اپنا کردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق آج جشنِ آزادی کے موقعے پر قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان بلاشبہ اللہ کی طرف سے ہماری قوم کیلئے ایک تحفہ ہے، اسے خوشحال، قابلِ فخر اور پر امن بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
قوم کے نام پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان عالمی برادری میں فخر سے سر اٹھا کر کھڑا ہوسکتا ہے۔ ایمان، اتحاد اور نظم کی قومی اقدار کو سربلند رکھیں گے۔ تاریخ کے سفر میں ابھرنے کیلئے قوم نے کٹھن چیلنجز عبور کیے۔
پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج بعض مسائل ملک میں ہمارے عزم کا امتحان لے رہے ہیں۔ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال ہمارے لیے چیلنج ہے۔ پختہ عزم و ہمت کے بل پر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے اور مسائل پر قابو پائیں گے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم ایک بار پھر اپنے ملک کو مضبوط و مستحکم بنائے گی۔ ہمیں اس موقعے پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو حقِ خود ارادیت کیلئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ کورونا وباء سے مقابلہ کرنے پر پاکستان کو عالمی برادری میں بھرپور پذیرائی ملی۔ معیشت کی بحالی اور ماحولیاتی مسائل پر قومی پالیسیاں دنیا بھر میں سراہی گئیں۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔
افغان صورتحال کے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ مغربی سرحدوں پر پاکستان نے غیر مستحکم صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے قربانیاں دیں اور اس کی بھاری قیمت چکائی۔ نئے پاکستان میں حکومت کی تمام توجہ جیو اکنامکس کی طرف مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اوّلین ترجیح ملک کی فلاح وبہبود اور عوام کی خوشحالی ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے حکومت نے بھرپور کوشش کی۔ ہر پاکستانی کو ملک کو قابلِ فخر اور پر امن بنانے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 75واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے جبکہ پاکستان دُنیا کے نقشے پر 14 اگست 1947 پر نیا اسلامی ملک بن کر ابھرا۔
پاکستان کے تمام شہروں میں 75واں یومِ آزادی بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالخلافوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔
مزید پڑھیں: ملک بھر میں 75واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے آج منایا جارہا ہے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








