پاکستان کے لیے معاشی محاذ پر ایک مثبت پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک پاکستان (ایس بی پی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق، 6 جون 2025 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ملکی ذخائر میں 167 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
اس اضافے کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر کا حجم 11.675 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو کہ ملک کے مالی استحکام کی سمت ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔
مرکزی بینک( ایس بی پی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر اس وقت 16.875 ارب ڈالر ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے پاس موجود ذخائر 5.199 ارب ڈالر کی سطح پر برقرار ہیں۔
مرکزی بینک کے ذخائر میں اضافے کی بنیادی وجہ بیرونی ادائیگیوں میں توازن اور ترسیلاتِ زر میں بہتری بتائی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق، یہ پیشرفت آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی، غیر ملکی سرمایہ کاری کے امکانات، اور ایکسپورٹس میں ممکنہ بہتری کی طرف اشارہ کرتی ہے، جو مستقبل میں معیشت کے استحکام میں مزید مددگار ہو سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








