بھارتی شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کا ایک بوئنگ طیارہ پرواز کے صرف ایک منٹ بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے میں 242 افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک مسافر، 38 سالہ رمیش، معجزانہ طور پر زندہ بچا۔
دنیا کی مشہور امریکی کمپنی بوئنگ کئی دہائیوں سے مسافر طیارے بنانے کے شعبے میں ایک بڑا نام ہے۔ بوئنگ کے طیارے دنیا بھر کی ایئر لائنز استعمال کرتی ہیں، لیکن ان طیاروں کے ساتھ پیش آنے والے حادثات نے کئی بار سوالات بھی اٹھائے ہیں۔
اب تک کتنے بوئنگ طیارے تباہ ہو چکے ہیں؟
اگر مجموعی اعداد و شمار دیکھے جائیں تو اب تک بوئنگ کے 300 سے زائد طیارے مکمل تباہ ہو چکے ہیں۔ ان میں وہ حادثات شامل ہیں جہاں طیارے کو مکمل نقصان پہنچا یا وہ ناقابلِ استعمال ہو گیا۔
سب سے زیادہ حادثات کس ماڈل کے؟
بوئنگ 737 یہ سب سے زیادہ استعمال ہونے والا طیارہ ہے اور اسی کے سب سے زیادہ حادثات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ اب تک 737 فیملی کے 230 سے زائد طیارے تباہ ہو چکے ہیں۔
بوئنگ 747 دنیا کے سب سے بڑے مسافر طیاروں میں شامل اس ماڈل کے 60 سے زائد طیارے تباہ ہوئے۔
بوئنگ 720 اور 707 یہ پرانے ماڈلز ہیں جن میں بھی درجنوں حادثات ہو چکے ہیں۔
بوئنگ 787 (ڈریم لائنر) یہ جدید طیارہ ہے اور حال ہی میں اس کا پہلا سنگین حادثہ بھارت میں رپورٹ ہوا۔
737 میکس کے متنازع حادثے
بوئنگ 737 میکس طیارہ دو بڑے حادثات (2018 اور 2019) کا شکار ہوا جن میں 346 افراد ہلاک ہوئے۔ ان حادثات کے بعد دنیا بھر میں اس ماڈل پر عارضی پابندی لگا دی گئی تھی۔
جب بوئنگ کا موازنہ اس کی یورپی حریف کمپنی ایئربس سے کیا جائے تو اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ بوئنگ کے طیارے زیادہ حادثات کا شکار ہوئے ہیں۔
حادثات کے باوجود بوئنگ آج بھی دنیا کی بڑی فضائی کمپنیوں کا پسندیدہ انتخاب ہے۔ جدید ٹیکنالوجی، حفاظتی اپ ڈیٹس، اور عالمی سطح پر نگرانی کے باعث نئے بوئنگ طیارے اب پہلے سے زیادہ محفوظ مانے جاتے ہیں۔ مگر ماضی میں ہونے والے حادثات نے کمپنی کے اعتماد کو کئی بار چیلنج بھی کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








