پاکستان کی آٹو موبائل انڈسٹری میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں عالمی شہرت یافتہ کمپنی نے اپنی لگژری گاڑی کی مقامی سطح پر تیاری کا آغاز کرکے مارکیٹ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گریٹ وال موٹر (جی ڈبلیو ایم) نے سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کے اشتراک سے اپنی فلیگ شپ لگژری ایس یو وی ٹینک 500 کی مقامی سطح پر سی کے ڈی اسمبلنگ باضابطہ طور پر شروع کر دی ہے جسے ملکی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف کمپنی کی پاکستان میں کامیاب موجودگی کے پانچ سال مکمل ہونے کی علامت ہے بلکہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ جی ڈبلیو ایم جدید ٹیکنالوجی، مقامی پیداوار اور پریمیم سفری سہولیات کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ چین کے قونصل جنرل سن یان کی موجودگی نے پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے صنعتی اور معاشی تعلقات کو مزید تقویت دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی ڈبلیو ایم پاکستان کے کنٹری منیجر واکر نے کہا کہ ٹینک 500 کی مقامی اسمبلنگ کمپنی کے لیے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین کے بعد پاکستان وہ پہلا ملک ہے جہاں ٹینک 500 (پی ایچ ای وی) کو اسمبل کیا جا رہا ہے جو اس مارکیٹ پر کمپنی کے اعتماد اور یہاں طویل المدتی سرمایہ کاری کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








