جرمنی نے پاکستان کے لیے 11 کروڑ 40 لاکھ یورو (تقریباً 131 ملین امریکی ڈالر) کی نئی مالی و تکنیکی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ یہ امداد موجودہ مالی سال کے دوران فراہم کی جائے گی اور اس کا مقصد ماحول کے تحفظ، توانائی، پائیدار معاشی ترقی، فنی تربیت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے پاکستان۔جرمنی دوطرفہ ترقیاتی تعاون مذاکرات کے دوران کیا گیا جس کی صدارت پاکستان کی وزارتِ اقتصادی امور کے سیکریٹری حمیر کریم اور جرمن وزارتِ اقتصادی تعاون و ترقی کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے مشترکہ طور پر کی۔
اجلاس میں جرمن سفیر انا لپیل اور پاکستانی سفیر برائے جرمنی سقلین سیدہ بھی شریک ہوئیں۔
حمیر کریم نے پاکستان میں جرمنی کے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے میں کردار کو سراہا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ تعاون پاکستان کے معاشی اصلاحاتی پروگرام اُڑان پاکستان (URAAN Pakistan) کے اہداف کے مطابق ہونا چاہیے۔
جرمن ڈائریکٹر جنرل کرسٹین ٹوئٹسکے نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جرمنی ماحولیاتی تبدیلی، معاشی استحکام اور سماجی شمولیت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
اجلاس کے اختتام پر دونوں فریقوں نے پاکستان۔جرمنی مذاکرات 2025 کے نتائج پر دستخط کیے اور دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اگلا اجلاس 2027 میں برلن میں منعقد کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








