پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کو مندی کا رجحان غالب رہا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں تقریباً 500 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 481 پوائنٹس کمی سے ایک لاکھ 59 ہزار 96 پر بند ہوا جوکہ صفر اعشاریہ 3 فیصد کی گراوٹ ظاہر کرتا ہے۔
مارکیٹ میں فروخت کے دباؤ کے باعث بیشتر اہم شعبے منفی زون میں رہے جن میں آٹوموبائل، سیمنٹ، بینکنگ، آئل اینڈ گیس، آئل مارکیٹنگ کمپنیز، ریفائنریز اور پاور سیکٹر شامل ہیں۔ بڑی کمپنیوں جیسے اے آر ایل، حبکو، ماری، او جی ڈی سی، پی او ایل، پی پی ایل، پی ایس او، ایم سی بی اور این بی پی کے شیئرز بھی مندی کا شکار رہے۔
گزشتہ روز بدھ 5 نومبر کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی تھی جب سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع حاصل کرنے کے رجحان اور نئے معاشی محرکات کی کمی کے باعث انڈیکس 1,703 پوائنٹس گر کر 159,578 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستانی روپیہ جمعرات کی صبح امریکی ڈالر کے مقابلے میں معمولی بہتری دکھاتے ہوئے 0.06 فیصد مضبوط ہوا۔ صبح تقریباً 10 بجے روپیہ 280.70 روپے فی ڈالر پر ٹریڈ ہو رہا تھا جو گزشتہ روز کے مقابلے میں 16 پیسے کی بہتری ظاہر کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








