نوشہرہ کے نجی اسپتال میں علاج کے بجائے ایمرجنسی سے نکالا گیا لاوارث مریض اسپتال کے صحن میں ہی دم توڑ گیا۔
نوشہرہ کے نجی اسپتال کے عملے نے سفاکیت اور بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے لا وارث مریض کو رات گئے ایمرجنسی سے نکال کر اسپتال کے صحن میں چھوڑ دیا تھا۔
نجی چینل جیو کے مطابق مریض کو اسپتال کے صحن میں رکھنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ اسپتال سے حاصل سی سی ٹی وی کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسپتال کے شعبہ حادثات میں ایک لاوارث مریض کو گزشتہ شب ریسکیو کی ایمبولینس کے ذریعے لایا گیا۔
3 گھنٹے ایمرجنسی بیڈ پر گزارنے کے بعد اس مریض کا علاج شروع نہ کیا جا سکا، جس کے بعد شعبہ حادثات میں موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکس اسٹاف اور ملازمین نے مریض کو وہیل چیئر پر ڈال کر اسپتال کے صحن میں لا کر چھوڑ دیا جس کے چند گھنٹوں بعد مریض دم توڑ گیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اسپتال اختیار خان کے مطابق واقعے میں ملوث عملے اور ڈاکٹرز کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








