سعودی عرب کے مقدس ترین شہر مکہ مکرمہ میں قرآن کریم کا نادر و نایاب نسخہ نمائش کیلئے پیش کردیا گیا۔ قرآن مجید میوزیم مکہ میں 19ویں صدی سے تعلق رکھنے والے قرآن مجید کے نادر نسخے کی نمائش جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق 19ویں صدی سے تعلق رکھنے والے قدیم قرآن پاک کی نمائش ثقافتی ضلع حرا میں ہورہی ہے۔ سعودی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ تاریخی نسخہ مسلمانوں کی ہر دور میں قرآن پاک کے ساتھ گہری عقیدت اور والہانہ وابستگی کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قرآن کریم کا یہ نادر نسخہ اپنے آغاز، وسط اور اختتامی صفغات پر نہایت نفیس نقش و نگار اور سنہری ملمع کاری کے ساتھ ساتھ خوبصورت پھولدار ڈیزائن کے باعث عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے جو اسلامی فن دستکاری کی اعلیٰ روایت کا اعلیٰ مظہر ہے۔
رپورٹس کے مطابق قرآن کریم کے اس نسخے کی ماضی میں بھی حفاظت نہایت احتیاط کے ساتھ کی گئی تاکہ اس کی نفیس اور قیمتی فنکارانہ خصوصیات کو آئندہ نسلوں کے ملاحظے کیلئے محفوظ رکھا جاسکے۔ آج یہ نسخہ شاہ عبدالعزیز لائبریری میں محفوظ ہے اور اسلامی ورثے کے تحفظ پر ادارے کے عزم کا واضح عکاس ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








