سوشل میڈیا پر ایک مثبت اور دل کو چھو لینے والا واقعہ وائرل ہو گیا ہے جس میں پاکستانی باکسر سمیر خان نے ایک کھیلوں کے ایونٹ کے دوران زمین پر گرے ہوئے بھارتی پرچم کو اٹھا کر احترام کے ساتھ میز پر رکھ دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سمیر خان کی نظر جب گرے ہوئے بھارتی جھنڈے پر پڑتی ہے تو وہ فوراً آگے بڑھتے ہیں اسے زمین سے اٹھاتے ہیں اور بڑے احترام سے میز پر رکھ دیتے ہیں۔ یہ واقعہ چند ماہ قبل پیش آیا تھا لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس عمل کو کھیل کے جذبے، اسپورٹس مین شپ اور باہمی احترام کی بہترین مثال قرار دے رہے ہیں۔ بہت سے لوگوں نے لکھا کہ جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور قومی رقابت اکثر سرخیوں میں رہتی ہے تو ایسے لمحات یاد دلاتے ہیں کہ کھیل کی روح سرحدوں سے بالاتر ہوتی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ قومی رقابت ایک طرف لیکن کسی ملک کے پرچم کا احترام کرنا انسانیت کا تقاضا ہے۔ سمیر خان نے اسپورٹس مین اسپرٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔
یہ ویڈیو پاکستان اور بھارت سمیت پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ لوگ اسے ایک چھوٹے سے عمل کو قرار دے رہے ہیں جس نے دونوں ممالک کے لوگوں کے دلوں کو چھو لیا اور مثبت اقدار، یکجہتی اور انسانی وقار کو اجاگر کیا۔
سمیر خان کا یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ کھیل صرف جیت اور ہار کا معاملہ نہیں بلکہ احترام، اخلاقیات اور باہمی عزت کا نام بھی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








