کراچی کے دینی مدرسے نے غریبوں کیلئے سستی روٹی پروجیکٹ لانچ کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو ایم ایم نیوز

کراچی کے معروف دینی ادارے جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم نے غریب اور متوسط طبقے کیلئے سستی روٹی پروجیکٹ کے تحت تندور کا آغاز کر دیا۔

ایک ایسے وقت جب بدترین معاشی صورتحال کے باعث ملک میں ہر لمحہ غربت میں اضافہ ہو رہا ہے، کراچی کی قدیم دینی درسگاہ جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم نارتھ ناظم آباد نے اپنی بساط کے مطابق غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے قابل تحسین قدم اٹھایا ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم میں مدرسے کے مہتمم مولانا ڈاکٹر قاسم محمود ایڈووکیٹ کی صدارت میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں اہل علاقہ، مدرسے کے اساتذہ، طلبہ اور عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سستی روٹی پروجیکٹ کے تحت تندور کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔

جامعہ مخزن العلوم کے تحت یہ تندور بنارس چوک کے قریب مدرسے سے متصل واقع ہے۔ تندور کی مینجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ یہاں سے فی روٹی مارکیٹ ریٹ سے آدھی قیمت پر صرف 10 روپے میں مہیا کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر قاسم محمود نے کہا کہ اس وقت پوری قوم معاشی حوالے سے شدید آزمائش کا شکار ہے، ایسے موقع پر دین اسلام کی تعلیم یہ ہے کہ ہم حکومت یا کسی بیرونی امداد کا انتظار کیے بغیر خود آگے بڑھ کر ایک دوسرے کا ہاتھ تھامیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مشکل ترین وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا اس مٹی کا ہم پر قرض ہے، ہم ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر ہی اپنی قوم اور ملک کو اس مشکل سے نکال سکتے ہیں۔

اس موقع پر اہل علاقہ اور مستحق افراد نے جامعہ اسلامیہ مخزن العلوم کی اس کاوش کو خراج تحسین پیش کیا اور مولانا ڈاکٹر قاسم محمود کی سوچ، فکر مندی اور وژن کو سراہا۔

Related Posts