مغوی پشتون لڑکی آخرکار شکارپور کے کچے سے بازیاب، کئی ڈاکو ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

بازیاب ہونے والی حورم سعید، فوٹو آن لائن

پشاور سے اغوا ہونے والی 11 سالہ لڑکی کو سندھ پولیس نے شکارپور کے کچے سے بازیاب کر لیا۔

ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے احکامات پر سندھ پولیس نے شکارپور کے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کیا، پشاور سے اغوا ہونے والی 11 سالہ لڑکی حورم سعید بحفاظت بازیاب کیا جبکہ اغواکار مرکزی ڈاکو عبدالوحید عرف مُلا ہلاک اور متعد ڈاکو زخمی ہوئے۔

بیان میں کہا گیا کہ آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کامیاب آپریشن پر ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم ملک اور آپریشن میں حصہ لینے والی پوری پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے افسران و جوانوں کیلیے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے پشاورسے تعلق رکھنے والے 11 سالہ لڑکی حورم سعید کے اغوا سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور کو لڑکی کی باحفاظت بازیابی کیلیے احکامات جاری کیے تھے۔

ایس ایس ہی شکارپور محمد کلیم نے آئی جی سندھ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شکارپور کے کچے کے علاقے کوٹ شاہو میں دو روز قبل سخت آپریشن کا آغآز کیا تھا جس کے نتیجے میں 22 مئی کو لاہور کی رہائشی نوکری کے جھانسے میں اغوا ہونے والی لڑکی جنیفر عامر مسیح جبکہ 23 مئی کو پشاور سے تعلق رکھنے والی حورم سعید پٹھان کو باحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔

آپریشن کے دوران دو اغواکار ڈاکو عبدالوحید عرف ملا اور یاسین بنگلانی بھی ہلاک ہوئے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کے افسران و جوانوں نے بہادری، پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مغوی بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروایا جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ شکارپور پولیس اور آپریشن میں شریک افسران و جوان شاباش کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر معصوم بچیوں کو بازیاب کروایا۔

Related Posts