لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرار الحق نے ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر 15 لاکھ روپے نقد انعام سے نوازا ہے۔
حال ہی میں گلوکار ابرار الحق نے اپنی رہائش گاہ پر گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ ارشد ندیم نے کہا کہ میں ہمیشہ پوری دنیا میں وطن کا نام روشن کرتا رہوں گا۔
تقریب کے دوران ارشد ندیم نے کہا کہ میں کبھی تکبر نہیں کروں گا۔ آپ میرے لیے مزید دُعا کرتے رہیں۔ ایک کہاوت ہے کہ پھل ہمیشہ اُسی درخت پر اگتا ہے جو جھکا ہوا ہو، اور میں بھی ہمیشہ جھکا ہوں۔ میری عاجزی کی بدولت اللہ نے بے انتہا عزت سے نوازا۔
قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا کہ ابھی تو میرا اولمپک گیمز میں ریکارڈ قائم ہوا ہے، ان شاء اللہ مستقبل میں ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کروں گا۔ دریں اثناء گلوکار ابرار الحق نے ارشد ندیم کی تاریخی فتح پر جیولین تھروور کو 15 لاکھ روپے بطور انعام دئیے۔
دورانِ تقریب گفتگو کرتے ہوئے ابرار الحق نے کہا کہ میں سہارا فار لائف میڈیکل کالج کا گراؤنڈ ارشد ندیم کے نام سے منسوب کر دوں گا۔ خیال رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو کے مقابلے میں 92اعشاریہ 97میٹر طویل تھرو سے 40سال بعد پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








