خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ضلع باجوڑ کی تحصیل واڑہ ماموند علاقہ عمرے میں واقع تھانہ واڑہ ماموند پر گزشتہ شب پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کرتے ہوئے فائرنگ کی۔
دوسری جانب باجوڑ پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کردیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈیوٹی پر موجود ایڈیشنل ایس ایچ او گل مانو دین فائرنگ کی زد میں آنے سے شہید ہوگئے۔
اس حوالے سے ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق نے میڈیا کو آگہی دیتے ہوئے کہا کہ باجوڑ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور پولیس کی بھرپور جوابی کاروائی جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں نامعلوم افراد نے پکنک کیلئے ڈیم جانے والوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔واقعے کے بعد جاں بحق افراد کے لواحقین نے کوئٹہ اور کراچی کے مابین شاہراہ پر احتجاج بھی کیا۔
رواں ماہ کے آغاز میں خضدار میں نامعلوم مسلح افراد نے وڈھ سے تعلق رکھنے والے افراد پر فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ نہتے افراد پر فائرنگ کایہ افسوسناک واقعہ ہڑنبوڈیم کے قریب پیش آیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








