ایئر انڈیا کے پائلٹ کا مسافر پر بدترین تشدد! دہلی ایئر پورٹ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارت کے دارالحکومت کے دہلی ائرپورٹ کے ٹرمینل 1 پر سیکیورٹی چیک کے دوران ایک مسافر اور ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ کے درمیان تلخ کلامی شدید جھگڑے میں تبسیل ہوگئی اور پائلٹ نے مسافر کو اس کی 7 سالہ بیٹی کے سامنے تشدد کرکے لہولہان کردیا۔ پائلٹ کی بدترین حرکت کے بعد ایئرلائن نے پائلٹ کو فوری طور پر گراؤنڈ کر دیا اور تحقیقات کا حکم دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق مسافر انکت دیوان اپنی بیوی، سات سالہ بیٹی اور چار ماہ کے بچے کے ساتھ سیکیورٹی لائن میں تھے۔ ایئرپورٹ عملے نے بچوں کی موجودگی کے پیش نظر انہیں اسٹاف کے لیے مخصوص لائن استعمال کرنے کی اجازت دی۔

اسی دوران ایئر انڈیا ایکسپریس کے سینئر پائلٹ کیپٹن وریندر سیجوال نے انکت دیوان پر اعتراض کیا اور ان پر قطار توڑنے کا الزام عائد کیا۔ بات چیت تلخ ہوگئی اور پائلٹ نے انکت کو ان پڑھ کہہ دیا،جبکہ انکت نے پائلٹ کے بارے میں ناشائستہ الفاظ استعمال کیے جس پر پائلٹ غصے میں آ گیا اور انکت پر حملہ کر دیا۔ اس کے نتیجے میں انکت کے چہرے سے خون بہنے لگا۔

انکت دیوان اسپائس جیٹ کی فلائٹ سے سفر کر رہے تھے جبکہ کیپٹن سیجوال انڈی گو کی فلائٹ سے بنگلورو جا رہے تھے۔ تشدد کے بعد سیکیورٹی عملے نے مداخلت کی اور پائلٹ بنگلورو پہنچ گئے لیکن ایئرلائن نے انہیں شیڈول فلائٹ اڑانے سے روک دیا۔

ایئر انڈیا ایکسپریس نے واقعے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ ملازم کی جانب سے یہ رویہ بالکل ناقابل قبول ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے پر پائلٹ کے خلاف مناسب تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

انکت دیوان نے بتایا کہ انہیں ڈاکٹر سے چیک اپ کروانا پڑا اور ان کی سات سالہ بیٹی باپ پر تشدد دیکھ کر شدید صدمے میں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فلائٹ نہ چھوٹنے کے خوف میں انہیں مجبوراً ایک خط لکھوایا گیا کہ وہ کیس آگے نہیں بڑھائیں گے اور سوال اٹھایا کہ دہلی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج محفوظ کیوں نہیں رکھتی۔

دیوان نے ایئرلائن اور ڈی جی سی اے پر سوال اٹھایا کہ ایسے پائلٹ کو سینکڑوں مسافروں کی جانوں کی ذمہ داری کیسے دی جا سکتی ہے۔ ساتھ ہی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی لائنوں میں بچوں والے مسافروں کو اسٹاف لائن میں شامل کرنے پر بھی تنقید کی گئی ہے۔

Related Posts