چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ میں نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں اللہ کی مدد آتے ہوئے دیکھی اور محسوس کی۔
تفصیلات کے مطابق قومی علما و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ اللہ نے اسلامی ممالک میں سے محافظین حرمین الشریفین کا شرف پاکستان کو عطا کیا۔ ریاست کے علاوہ کوئی بھی جہاد کا حکم یا فتویٰ نہیں دے سکتا۔
خطاب کے دوران چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاست پاکستان گہرا تعلق اور مماثلت رکھتے ہیں۔ دونوں ریاستوں کا قیام کلمہ طیبہ کی بنیاد پر رمضان المبارک کے مہینے کے دوران ہوا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان اور ریاستِ طیبہ میں مماثلت کی وجہ یہ ہے کہ ربِ کائنات نے انہیں خادم الحرمین بنانا تھا اور ہمیں محافظ الحرمین بنایا گیا۔ میں نے بھارت کے خلاف آپریشن میں اللہ کی مدد آتے ہوئے محسوس کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افغان طالبان کی پشت پناہی سے دہشت گرد شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ فتنہ الخوارج کی افغانستان سے آنے والی تشکیلوں میں 70فیصد افغانی ہیں۔ افغانستان فتنہ الخوارج اور پاکستان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو قومیں اپنے اسلاف کی علمی و فکری میراث چھوڑ بیٹھتی ہیں، وہ زبوں حالی اور پسماندگی کا شکار ہوجاتی ہیں۔ ریاست کے علاوہ کوئی جہاد کا حکم یا فتویٰ نہیں دے سکتا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








