ایئر کراچی! پاکستان کی نئی نجی ایئرلائن کا شاندار آغاز، مالکان میں کون کون شامل؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Air Karachi launched as Pakistan’s newest private airline
ONLINE

کراچی: پاکستان کی فضائی صنعت میں ایک نئے باب کا اضافہ ہوگیا، جب کراچی کے پرانے ہوائی اڈے پر منعقدہ تقریب میں ملک کی نئی نجی ایئرلائن ایئر کراچی کا باضابطہ افتتاح کیا گیا۔

یہ ایئرلائن 42 شراکت داروں کے اشتراک سے قائم کی گئی ہے جس کا مقصد کراچی کی فضائی شناخت کو دوبارہ اجاگر کرنا اور ملکی ایوی ایشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنا ہے۔

تقریب کے دوران چیئرمین ایئر کراچی حنیف گوہر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے کراچی کے نام سے ایک نئی ایئرلائن شروع کرنے کا عزم کیا تھا اور آج وہ وعدہ پورا کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلی بار 2006 میں ایئرلائن کے لائسنس کے لیے درخواست دی تھی، اور برسوں کی محنت و استقامت کے بعد آج یہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔

حنیف گوہر نے مزید کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی بحالی کے لیے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے وژن اور اقدامات نے نجی شعبے کے حوصلے بلند کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایئر کراچی جیسے منصوبے قومی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں سیکریٹری دفاع محمد علی نے ایئر کراچی کے بانی شراکت داروں اور کاروباری طبقے کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تاجروں نے ایک بار پھر ملک کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت نئی اور موجودہ ایئرلائنز کو مکمل تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کی فضائی صنعت میں ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں۔

سیکریٹری دفاع نے مزید کہا کہ ایئر کراچی اور پی آئی اے کے باہمی تعاون سے دونوں اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور ملک کے ہوابازی کے شعبے میں پیشہ ورانہ معیار کو بلند کیا جا سکے گا۔

ایئر کراچی نے فروری 2025 میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی اے اے) کو ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ (آر پی ٹی) لائسنس کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔

ذرائع کے مطابق، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد پی سی اے اے اس لائسنس کے اجرا کا فیصلہ کرے گی۔ لائسنس ملنے کے بعد ایئر کراچی اپنی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔

کمپنی پہلے ہی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہو چکی ہے اور پانچ ارب روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کرے گی۔ ہر شراکت دار کی جانب سے پچاس ملین روپے کا سرمایہ لگایا گیا ہے۔

نئی ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے طور پر سابق سدرن کمانڈر ریٹائرڈ ایئر وائس مارشل عمران کو تعینات کیا گیا ہے جب کہ ابتدائی مرحلے میں تین طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے۔

ایئر کراچی کے نمایاں شیئر ہولڈرز میں عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب، ایس ایم تنویر، بشیر جان محمد، خالد تواّب، زبیر طفیل اور حمزہ تبانی شامل ہیں۔

Related Posts