کراچی کے عوام کو بڑا ریلیف! سندھ حکومت نے اجرک نمبر پلیٹ کیلئے مزید کتنی مہلت دیدی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Sindh Excise dept extends Ajrak number plates deadline to Dec 31
ONLINE

کراچی: محکمۂ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس سندھ نے گاڑیوں کی اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹس کی تبدیلی کی آخری تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کر دی ہے۔

اس سے قبل مقررہ تاریخ 31 اکتوبر 2025 تھی ۔ محکمہ کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق شہری اب 31 دسمبر تک اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو نئی سکیورٹی فیچرز سے مزین پلیٹس میں تبدیل کروا سکیں گے۔

اس سے قبل حکومت سندھ نے 4 اگست کو بھی اسی فیصلے میں توسیع کی تھی۔

تازہ ترین فیصلہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کیا گیا جنہوں نے صوبائی وزیرِ ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤلہ کے ساتھ اجلاس کے دوران یہ ہدایت دی۔

اجلاس میں بلاول بھٹو کو بتایا گیا کہ جدید نمبر پلیٹس کے نفاذ کا مقصد صوبے بھر میں سکیورٹی نظام کو بہتر بنانا ہے۔

وزیرِ ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ ان نئی سکیورٹی فیچر والی نمبر پلیٹس کے اجراء سے صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے عوامی سہولت کے پیشِ نظر اس ڈیڈ لائن میں توسیع کی ہدایت دی تاکہ شہری آسانی سے نئی نمبر پلیٹس حاصل کر سکیں۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو سندھ اسمبلی میں پارٹی ارکان کی کارکردگی اور حاضری سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ نے صوبے بھر میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران سات ارب روپے مالیت کی منشیات ضبط کی ہیں۔

قابلِ ذکر ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے تمام رجسٹرڈ گاڑیوں کے لیے نئی اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹس کے نفاذ کے فیصلے نے شہریوں کے لیے مشکلات بھی پیدا کی ہیں۔

شہریوں نے طویل انتظار، تاخیر سے اجرا اور ای چالانز کے سخت نفاذ پر احتجاج بھی کیا تھا۔ حکومتی مؤقف کے مطابق یہ اقدام گاڑیوں کی چوری پر قابو پانے اور ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

Related Posts