پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے حکومت کو بڑی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ سستی ترین بجلی بنا کر دینے کے باوجود بجلی کیوں نہیں دیتے اور الزامات بھی ہم پر لگاتے ہیں؟
تفصیلات کے مطابق نیوز کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا کو حق نہیں دیا تو ایسا قدم اٹھایا جائے گا کل کوئی ہمیں غدار نہ کہے۔ وفاق صوبے کے واجب الادا فنڈز فوری فراہم کرے۔ عوام کو چور نہیں کہنے دیں گے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کے پی کے میں بھی بجلی چوری ہوتی ہوگی لیکن عوام کو چور کہنے والی گفتگو برداشت نہیں کریں گے۔ صوبے کی بجلی پوری دینے کے بعد چوری ہوجائے تو بات کرسکتے ہیں۔ یہ کیا طریقہ ہوا کہ فنڈز اور بجلی پوری نہ دے کر بھی الزامات لگائیں؟
تحریکِ انصاف کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ماضی میں بجلی 16روپے کی تھی اور مل بھی رہی تھی لیکن اب بجلی 65روپے کی ہونے کے باوجود نہیں ملتی تو پیسہ کہاں چلا جاتا ہے؟ دھمکی اور وارننگ میں فرق ہوتا ہے اور میں نے وارننگ دی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت 120 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے، ماضی میں اقتدار میں رہنے کے باوجود ان لوگوں نے سسٹم ٹھیک نہیں کیا، خیبر پختونخوا کے مسائل ہم حل کریں گے، وفاق ہمارے 115ارب واپس کرے، لوڈ شیڈنگ میں کمی نہ کی گئی تو قدم اٹھائیں گے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بجلی اور گیس نہیں لیکن قیمتیں بے پناہ بڑھ گئیں، قائد کی اور اپنے صوبے کے حقوق کے حصول کی تحریک کیلئے عملی جدوجہد کریں گے۔ ہم رشوت لینے اور دینے والے جہنیمیوں کو سزا دیں گے۔ بددعاؤں سے ڈر لگتا ہے لیکن رشوت خور کو معاف نہیں کریں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








