کراچی: وزیرِ اطلاعات، ایکسائز و نارکوٹکس کنٹرول سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کو منشیات سے بچانے کیلئے پرعزم ہے۔
اپنے ایک بیان میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے والے اداروں، پراسیکیوٹرز اور متعلقہ افراد کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہیں، منشیات فروشوں کیلئے پیغام ہے کہ مجرمانہ سرگرمیاں برداشت نہیں کریں گے۔
بیان میں وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام منشیات کے متعلق مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع حکام تک پہنچائیں، حکومت شہریوں کو منشیات کی لت سے بچانے کیلئے سرگرم ہے ، منشیات کے خلاف جنگ جیتنے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔
وزیرِ اطلاعات و نارکوٹکس سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں اور ٹیکس نادہندگان کےی علاوہ غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کے خلاف مہم شروع کررہی ہے۔ شہری زحمت سے بچنے کیلئے ایکسائز آفس سے نمبر پلیٹس فوری طور پر حاصل کریں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ گاڑیوں کا ٹیکس فوری طور پر ادا کردیں، رجسٹریشن ری نیو نہ کروانے والے افراد رجسٹریشن کی تجدید کروالیں۔ ہم نے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے والے گرفتار کیے ہیں، ملزمان کالجز، یونیورسٹیز اور پوش علاقوں میں منشیات بیچتے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








