پاکپتن پولیس کا چھاپہ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک کانسٹیبل جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکپتن پولیس
(فوٹو: روزنامہ حریف)

 پاکپتن کے تھانہ نواب ٹاؤن میں پاکپتن پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران ایک کانسٹیبل شہید، ایلیٹ فورس کا اے ایس آئی زخمی ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز تھانہ صدر عارف والا پاکپتن سے پولیس ٹیم جس میں ایلیٹ فورس بھی شامل تھی، نے تھانہ نواب ٹاؤن کے علاقہ میں چھاپہ مارا اور اشتہاری ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ مار ٹیم نے دفعہ 395 کے اشتہاری کی گرفتاری کیلئے ریڈ کیا، ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی، فائرنگ کے نتیجہ میں تھانہ صدر کا کانسٹیبل خلیل زخمی ہوا اور موقع پر شہید ہوگیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایلیٹ فورس کا جوان اے ایس آئی عبدالغفور زخمی ہوگیا،  دوطرفہ فائرنگ  کے نتیجے میں ملزم فیصل مارا گیا۔ابتدائی طور پر نواب ٹاؤن پولیس نے میڈیا نمائندگان کو واقعے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

مقامی اخبار (روزنامہ حریف) کا کہنا ہے کہ ایس پی صدر سدرہ خان اور اے ایس پی بھی معلومات فراہم کرنے سے گریز کرتے رہے جبکہ اس واقعے کے خلاف سوشل میڈیا صارفین نے مختلف پوسٹس میں تشویش کا اظہار کیا۔

بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پاکپتن میں پولیس نے چھاپے کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جس پر محلے والوں نے پولیس پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا۔

Related Posts