کراچی: امریکی بزنس مین علی شیخانی نے جے ڈی سی کے قربانی برائے مستحقین کے لیے 200 اونٹ عطیہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
جے ڈی سی فاؤنڈیشن کی جانب سے گزشتہ 15 سالوں سے عید الاضحی کے موقع پر منعقد کیے جانے والے اس ایونٹ کا مقصد قربانی کے گوشت کو ضرورت مند اور مستحق لوگوں میں منصفانہ اور مساوی طور پر تقسیم کرنا ہے۔
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت پر عمل کرتے ہوئے جے ڈی سی فاؤنڈیشن ہر سال سیکڑوں بکرے، گائے، اونٹ اور دیگر مویشیوں کی قربانی کرتی ہے۔
جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس نے بتایا کہ امریکی برنس مین علی شیخانی جے ڈی سی کی قربانی برائے مستحقین میں حصہ لینے کے خواہشمند ہیں۔ اس حوالے سے امریکی برنس مین علی شیخانی کا کہنا تھا کہ جے ڈی سی کی جانب سے ہرسال دنیا کی سب سے بڑی قربانی کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالوں اور میں اپنی طرف سے 200 اونٹ عطیہ کررہا ہوں جو عید کے موقع پر قربان ہونگے اور میری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ مستحقین تک عید پر گوشت پہنچے اور اس مقصد کیلئے ہم جے ڈی سی کے ساتھ ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








