پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی مایہ ناز فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے اصولوں پر سمجھوتے سے انکار کے ساتھ جذباتی پیغام دیتے ہوئے ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں علی ترین نے اپنی ٹیم اور فینز کیلئے محبت اور احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سلطانز کا حصہ بننا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا، جنوبی پنجاب کی نمائندگی پر فخر ہے۔
اپنے جذباتی پیغام میں علی ترین نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے ہر سیزن میں ہم کھلاڑیوں کو اس خطے کی محنت اور لگن سے آگاہ کرتے رہے۔ مالی نقصانات کے باوجود میں نے کبھی بھی ملتان سلطانز سے دور جانے کے بارے میں نہیں سوچا۔
Ali Tareen’s message for Multan Sultans’ fans. pic.twitter.com/Xl9wgQnw32
— Multan Sultans (@MultanSultans) November 25, 2025
پیغام میں علی ترین نے کہا کہ مجھے علم ہے کہ میں ہر کسی کا پسندیدہ نہیں لیکن ہمیشہ ایمانداری اور اصول پر قائم رہا ہوں۔ اگر یہاں رہنے کیلئے اصولوں سے سمجھوتہ کرنا پڑے تو ٹیم کو چھوڑنے کو ترجیح دوں گا۔
علی ترین نے کہا کہ گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ملتان سلطانز کو نہیں چلا سکتا۔ جو بھی اگلے مالک کے طور پر ملتان سلطانز کی قیادت کرے، اس کی حمایت کریں۔
حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے معاہدے کی خلاف ورزی اور پی ایس ایل کی شہرت کو نقصان پہنچانے کے الزامات عائد کرتے ہوئے علی ترین کو نوٹس جاری کیا تھا، لیکن علی ترین نے احتجاجا پی سی بی کا نوٹس پھاڑ دیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








