احمد آباد: بھارت کے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے انتخابی جلسے کے دوران عوام کو گجرات فسادات یاد دلا دئیے۔ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ پہلے سماج دشمن عناصر کے حوصلے بلند تھے، ہم نے 2002 میں انہیں سبق سکھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق کھیڑا کے انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران بھارتی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ 1995 سے قبل گجرات میں کانگریس کی حکومت تھی، ہم نے سماج دشمن عناصر کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ تشدد بھول گئے۔
مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کے نئے آرمی چیف کے حق میں پوسٹرز
انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی نے پوری ریاست (گجرات) میں امن قائم کردیا جبکہ مخالف سیاسی جماعت کانگریس گجرات میں فسادات بھڑکا رہی تھی۔ 2002 میں ہم نے تشدد پسند عناصر کو چن چن کر سیدھا کیا۔
خطاب کے دوران بھارتی وزیر داخلہ نے کہا کہ تشدد پسند عناصر کو جیل میں ڈالا گیا۔ گزشتہ 22 سال سے کہیں کرفیو نہیں لگانا پڑا۔ کانگریس ووٹ بینک کیلئے لوگوں کو تشدد کا درس دیا کرتی تھی۔ انہوں نے صرف اپنا ووٹ بینک ہی مضبوط کیا ہے۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ کانگریس کی حمایت کے باعث مجرم تشدد کرنے کی عادت پکڑ گئے تھے۔ گجرات میں کانگریس حکومت کے دوران اجو شیخ، پیرزادہ اور لطیف جیسے لوگ دادا ہوتے تھے، لیکن آج گجرات میں ہندو مت کے بت ہنومان کے سوا کوئی دادا نہیں۔
امیت شاہ نے کہا کہ نریندر مودی نے جموں کشمیر سے آرٹیکل 370 ملک کی بہتری کیلئے منسوخ کیا جبکہ کانگریس دفعہ 370 کی منسوخی کو الجھا رہی تھی۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے بھارتی فوج کے مظالم میں اضافہ ہوگیا ہے۔
نریندر مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کیلئے نہ صرف آرٹیکل 370 منسوخ کیا بلکہ انسانیت سوز پابندیوں اور ظلم و ستم کا سلسلہ انٹرنیٹ اور ذرائع مواصلات پر پابندیوں کے باعث مزید دراز کردیا جس پر پاکستان کے ساتھ ساتھ عالمی برادری بھی آواز اٹھا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








