کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اور رینجرز نے مختلف کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں جن میں ہیروئن، چرس اور آئس شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف اور سندھ رینجرز نے سپر ہائی وے کراچی پر مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی کے رہائشی ملزم کے قبضے سے 1 کلو 600 گرام ہیروئن، 4 کلو چرس اور 1 کلو 800گرام آئس برآمد کی۔
اے این ایف کی کارروائی، پاک افغان سرحد سے منشیات برآمد
دوسری کارروائی خیبر پختونخوا میں قلعہ بالا حصار میں کی گئی جس کے دوران 4 کلو 800 گرام چرس برآمد ہوئی۔ اے این ایف نے خیبر کے رہائشی ملزم کی باڑہ سے پشاور منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جنوبی وزیرستان میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحدی علاقے سے منشیات برآمد کر لیں۔
اے این ایف نے آج سے 4 روز قبل پاک افغان سرحد پر انگور اڈا کے مقام پر جھاڑیوں میں بھاری مقدار میں چھپائی گئی منشیات برآمد کیں تاہم ملزمان گرفتار نہ ہوسکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








