بھارت میں جنسی ہوس کا ایک اور واقعہ رپورٹ کیا گیا ہے۔ پولیس جس واقعے کو فلیٹ آتشزدگی میں ہلاکت سمجھ رہی تھی، وہ خاتون سافٹ وئیر انجنیئر کا قتل نکلا۔ پولیس نے 34سالہ خاتون کو گلا دبا کر قتل کرنے والے پڑوسی نوجوان کے خلاف تفتیش شروع کردی۔ جنسی درندے کی عمر 18سال بتائی جاتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر بنگلورہ میں 3 جنوری کی شب کو ایک فلیٹ میں آگ لگی اور 34سالہ خاتون سافٹ وئیر انجینئر بظاہر اس آگ میں جل کر ہلاک ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کے 9روز بعد جا کر ایسے شواہد تلاش کرلیے جس سے ثابت ہوا کہ خاتون کو ظالمانہ طریقے سے قتل کیا گیا ہے۔
سافٹ وئیر انجینئر خاتون کی شناخت شرمیلا کوشلپا کے نام سے ہوئی جنہیں آتشزدگی سے پہلے گلا دبا کر قتل کرنے کے شوہاد مل گئے۔ پولیس نے تفتیش کیلئے خاتون کے 18سالہ پڑوسی نوجوان کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے قتل چھپانے کیلئے فلیٹ کو آگ لگا دی تھی۔ نوجوان نے خاتون پر جنسی کشش کے تحت حملہ کیا تھا۔
جس رات خاتون قتل ہوئی، نوجوان طالب علم اچانک فلیٹ میں داخل ہوا تھا۔ ملزم نے 3جنوری 2026 کی شب کو خاتون کا گلا دبا کر قتل کیا اور فلیٹ کو آگ لگا دی۔ آتشزدگی کے باعث پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جب تک آگ پر قابو پایا گیا، فلیٹ کا کافی حصہ جل کر راکھ ہوچکا تھا۔
پولیس نے 34سالہ شرمیلا کی لاش برآمد کی جو آگ سے جھلس چکی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی۔ لاش کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے سے پتہ چلا کہ مقتولہ کے جسم میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار توقع سے کم تھی، اس سے تفتیش کاروں کو یہ سراغ ملا کہ آتشزدگی سے پہلے ہی خاتون مر چکی تھی۔
یہی نہیں، بلکہ خاتون کے گلے پر بھی دباؤ کے شواہد مل گئے، جس کے بعد پولیس نے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کردیں۔ ملزم کو جدید ذرائع کی مدد سے تلاش کیا گیا۔ پولیس نے الزام لگایا ہے کہ 18سالہ طالب علم بار بار بیانات بدل رہا تھا۔ سختی سے پوچھ گچھ اور تکنیکی شواہد سامنے رکھنے پر ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا۔
ملزم کا کہنا ہے کہ وہ 3 جنوری کی رات کو مقتولہ کے فلیٹ میں زبردستی گھسا اور جنسی تعلقات کا مطالبہ کیا جسے خاتون نے سختی سے رد کردیا اور جنسی درندے کے حملے سے خود کو بچانے اور شور مچانے کی کوشش کی۔ ملزم نے غصے میں آکر خاتون کا گلا گھونٹ دیا لیکن جب اسے احساس ہوا کہ کہیں وہ مرہی نہ جائے، اس وقت تک دیر ہوچکی تھی۔
گرفتاری کے خوف کے باعث ملزم نے فون پر جرم کے نشانات مٹانے کے طریقے سرچ کرکے فلیٹ میں موجود آتش گیر مادے کی مدد سے فلیٹ نذر آتش کردیا۔ ملزم شرمیلا کا موبائل فون چوری کرکے اپنے ساتھ لے گیا۔ واقعے کی رپورٹ نے بھارتی خواتین میں عدم تحفظ کے احساسات کو مزید تقویت دی ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








