عوام کو نیا جھٹکا دینے کی تیاری، بجلی مزید 4.69روپے مہنگی ہونے کا خدشہ

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو نیا جھٹکا دینے کی تیاری کر لی۔ نیپرا میں بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست کی سماعت ہوگی جس سے بجلی مزید 4.69 روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا خدشہ ہے جس سے صارفین پر 75ارب سے زائد بوجھ پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق نیپرا کو بجلی مزید مہنگی کرنے کی درخواست سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے دی جس میں جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 4.69روپے فی یونٹ اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

سندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے امدادی سامان روانہ

سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کا کہنا ہے کہ جولائی کے دوران پانی سے 35.17 فیصد، کوئلے سے 12.74 فیصد، ڈیزل سے 1.46 فیصد جبکہ فرنس آئل سے 6.42 فیصد بجلی پیدا کی گئی جس کا بوجھ صارفین پر ڈالا جائے گا۔

سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ ڈیزل سے 27 روپے 88 پیسے جبکہ فرنس آئل سے 35 روپے 69 پیسے یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا ہوئی۔ مقامی گیس سے 10.36 جبکہ درآمدی ایل این جی سے 14.98فیصد بجلی پیدا ہوئی۔

مرکزی پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایل این جی سے 28.28روپے  جبکہ جوہری ایندھن سے 1روپے فی یونٹ بجلی پیدا کی گئی جس کی شرح 14.20 فیصد رہی۔ جولائی کے دوران 13ارب 76کروڑ یونٹ بجلی بیچی گئی تھی۔

جولائی کیلئے حکومت کی مقرر کردہ پیداواری لاگت 6.28 روپے کے مقابلے میں سی پی پی اے کے بیان کے مطابق لاگت 10 روپے 98 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔ بجلی کی قیمت بڑھانے کی درخواست پر سماعت 31 اگست کو ہوگی۔ 

Related Posts