عام طور پر پاکستان میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ کے تہوار سعودی عرب کے ایک دن بعد منائے جاتے ہیں، تاہم اس مرتبہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ دونوں مسلم ممالک ایک ہی دن یعنی بدھ 10 اپریل 2024 کو عید الفطر منائیں گے۔
اگرچہ یہ کوئی بہت زیادہ غیر معمولی واقعہ نہیں ہے، کیونکہ ماضی میں مختلف مواقع پر یہ اتفاق پیش آیا ہے۔ گزشتہ دن سعودی عدالت عظمی نے اعلان کیا کہ عید الفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہوگی کیونکہ مملکت میں سوموار کی شام شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔
دریں اثنا پاکستان میں چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی آج اجلاس کر رہی ہے۔ اگر کمیٹی نے آج چاند دیکھنے کا اعلان کیا تو اس بار یہ نادر اتفاق سامنے آئے گا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ہی دن عید الفطر ہو۔
واضح رہے کہ ماہرین فلکیات نے بھی اس بار پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ساتھ عید الفطر منانے کی پیش گوئی کی ہے۔ دراصل 8 اپریل کو سورج گرہن نے سعودی عرب میں چاند کی رویت مشکل بنا دی، کیونکہ نیا چاند سورج اور زمین کے درمیان واقع تھا۔
تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ آج پاکستان کے مختلف حصوں میں چاند نظر آسکتا ہے، چنانچہ آج رویت ہلال کمیٹی کو چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوگئیں تو پاکستان اور سعودیہ ایک ساتھ منائیں گے۔
تاہم پاکستان میں بھی بدھ کو عید ہونے کی صورت میں پاکستان میں رمضان 29 دن کا ہوگا، جبکہ سعودیہ عربیہ میں 30 دن کا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








