کراچی کے مختلف علاقوں میں موسم نے کروٹ لی ہے، شیر شاہ، بلدیہ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے شہر اور سندھ کے دیگر حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں ہے۔ سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرم اور خشک موسم برقرار ہے جبکہ شمال مشرق سے گرم ہوائیں 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
آج کراچی میں درجہ حرارت 37 سے 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ گرمی کی شدت 42 ڈگری تک محسوس کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہوا میں نمی کا تناسب 65 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جو حبس کو مزید بڑھا رہا ہے۔
سندھ میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں آج سے 3 اکتوبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ خلیج بنگال میں بننے والا ایک سمندری طوفان اب بحیرہ عرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے اثرات کراچی سمیت جنوبی سندھ کے ساحلی علاقوں پر پڑسکتے ہیں۔
کراچی میں شام کے وقت آندھی اور ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ اندرون سندھ کے کئی اضلاع جیسے حیدرآباد، جامشورو، ٹھٹہ، بدین، سجاول، عمرکوٹ، تھرپارکر، ٹنڈو محمد خان اور مٹیاری میں وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔
سانگھڑ، میرپور خاص، عمرکوٹ، موری اور سجاول میں شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں جبکہ ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈو الہٰیار میں بھی طوفانی بارش کے باعث معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔
سمندری طوفان پر محکمہ موسمیات کی وارننگ
محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان سے متعلق ابتدائی الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارتی ریاست گجرات اور بحیرہ عرب کے قریب ہوا کا کم دباؤ موجود ہے جو آئندہ دنوں میں شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہوسکتا ہے اور یکم اکتوبر تک شمال مشرقی بحیرہ عرب میں داخل ہو سکتا ہے۔
خلیج بنگال میں بننے والا سمندری طوفان سندھ کی طرف گامزن، کراچی میں پھر بارش متوقع
محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو براہ راست خطرہ لاحق نہیں۔ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








