پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے واپڈا ٹاؤن سے ایک اور افسوسناک واقعے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان سڑک پر چلتی ایک خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کرتا ہے اور پھر تیزی سے موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صوبے کے مختلف شہروں میں خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل 27 اکتوبر کو شیخوپورہ (فیروزوالہ) میں ایک باریش شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک خاتون اسکول ٹیچر کو راہ چلتے ہراساں کر رہا تھا۔ بعد میں پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تھا۔ اسی طرح 29 اکتوبر کو ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل سے بھی ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی تھی جس میں ایک موٹر سائیکل سوار کو اسکول جاتی بچیوں کے ساتھ نازیبا حرکت کرتے دیکھا گیا۔
پیر محل کی ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی کے ایک کونے میں بیٹھے ایک نوجوان نے واقعہ دیکھ کر فوری ردِعمل ظاہر کیا اور ملزم پر بالٹی جیسی چیز پھینکنے کی کوشش کی مگر وہ شخص موٹر سائیکل تیزی سے بھگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ان مسلسل واقعات نے شہریوں میں شدید غم و غصہ پیدا کر دیا ہے اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے مجرمانہ رویوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ خواتین اور بچیوں کو عوامی مقامات پر محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








