آرسنل نے اولڈ ٹریفرڈ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کو 1-0 سے ہرایا جہاں ریکارڈو کالافیوری کے کارنر سے بنائے گئے گول نے فیصلہ کن کردار ادا کیا تاہم یہ میچ آرسنل کے لیے سیزن میں بہتری کے اہم شعبوں کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ نئے کھلاڑی وکٹر گیوکیرس اپنے ڈیبیو پر کوئی خاص اثر نہ چھوڑ سکے۔
آرسنل نے گزشتہ 11 میچوں میں سے صرف دو بار اولڈ ٹریفرڈ میں کامیابی حاصل کی تھی۔ ایسی جگہ جہاں وہ اکثر مشکلات کا شکار رہے افتتاحی میچ میں فتح یقیناً قابلِ جشن ہے چاہے وہ کتنی ہی غیر متاثر کن کیوں نہ ہو۔
مائیکل آرٹیٹا نے اسے بہت بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے اسکائی اسپورٹس سے گفتگو میں کہا کہ پہلے میچ میں اولڈ ٹریفرڈ کے اس ماحول میں جہاں نئے کھلاڑیوں اور جوش کے ساتھ ایک نئی رفتار بن رہی ہے فتح حاصل کرنا ایک زبردست احساس ہے۔
آرٹیٹا نے کہا کہ آرسنل نے اپنی مخصوص طاقتوں پر انحصار کرتے ہوئے یہ جیت حاصل کی۔ کالافیوری کا فاتحانہ گول ایک نئے کارنر روٹین سے آیا۔
گول کیپر ڈیوڈ رایا کی شاندار کارکردگی بھی قابلِ ذکر رہی۔ انہوں نے مجموعی طور پر سات سیو کیے جن میں پہلے ہاف میں میتھیس کنہا کو روکنے والی ایک شاندار کوشش شامل تھی۔ آخری 20 منٹوں میں دباؤ کے باوجود آرسنل نے اپنی ہمت اور چالاکی کا مظاہرہ کیا۔
اسکائی اسپورٹس کے تجزیہ کار گیری نیویل کا کہنا ہے کہ آرسنل میچ کو سنبھالنے اور وقت کو کنٹرول کرنے میں بہترین ہے۔ یہ ایک تجربہ کار ٹیم ہے۔
پہلے ہاف میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے نئے کھلاڑیوں برائن ایمبیومو اور کنہا نے کافی دباؤ ڈالا لیکن آرسنل نے اس کا مقابلہ کیا۔ نیویل نے مزید کہاکہ انہوں نے بہت لچک دکھائی۔ ہم جانتے ہیں کہ وہ دفاعی طور پر کتنے مضبوط ہیں۔
آرٹیٹا نے اپنی ٹیم کے دفاعی کاوشوں کو شاندار قرار دیا لیکن یہ بھی تسلیم کیا کہ مجموعی کارکردگی ان کے معیار کے مطابق نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں بہت سی چیزوں میں بہتری لانی ہوگی۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ آرسنل نے وہ نتیجہ حاصل کیا جس کے لیے وہ آئے تھے۔ اولڈ ٹریفرڈ جیسے میدان پر آزادانہ کھیل مشکل ہوتا ہے لیکن اپنی دفاعی طاقت کے ساتھ حملہ آور روانی کو ملانا اس سیزن ان کی ٹائٹل امیدوں کے لیے کلیدی ہے۔ یہ ابھی ایک جاری عمل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








