اسلام آباد: وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کی بھارتی قسم خطے کیلئے تباہی کا باعث ہے، عوام کو چاہئے کہ اپنی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ملک بھر کے ہسپتالوں اور آئی سی یوز میں کورونا وائرس کے مریض بتدریج بڑھ رہے ہیں۔
پیغام میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کے ان مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے جن کی حالت تشویشناک ہے۔
این سی او سی کے سربراہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی بھارتی قسم خطے کے ممالک میں تباہی و بربادی کا باعث بن رہی ہے، عوام ویکسین لگوائیں۔
اسد عمر نے ملک بھر میں کورونا کے کیسز کی شرح میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ ایس او پیز کا خیال رکھیں، اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
Rapid build up starting to take place in covid patients hospital inflow, as well as patients in critical care. This indian variant has caused devastation in countries in the region. Please follow sop's and get vaccinated as soon as possible. Do not risk your own & others lives.
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 15, 2021
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان میں کورونا کے 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کا شکار 47 مزید شہری جاں بحق ہو گئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا سے مجموعی طور پر 9 لاکھ 81 ہزار 392 افراد متاثر جبکہ وائرس کے باعث 22 ہزار 689 شہری انتقال کر گئے۔
کورونا کی تشخیص کیلئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 910 ٹیسٹ کیے گئے جس سے مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 1 کروڑ 52 لاکھ 48 ہزار785 ہوگئی۔ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آنے کی شرح 5 اعشاریہ 20 فیصد رہی۔
مزید پڑھیں: کورونا کے 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ، 47 مزید شہری جاں بحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








