دل کی تکلیف میں مبتلا اسد عمر کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

تازہ ترین

تازہ ترین

اسد عمر
(فوٹو: جیو نیوز)

لاہور: دل کی تکلیف میں مبتلا سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی طبیعت بگڑ گئی جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آج صبح کیس کی سماعت کے سلسلے میں لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش ہونے والے اسد عمر کی طبیعت بگڑ گئی۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد عمر کو سینے میں تکلیف محسوس ہوئی جس پر فوری طور پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے وکیل نے کہا کہ اسد عمر ابھی عدالت میں ہی تھے کہ ان کے دل میں تکلیف ہوئی جس کے باعث انہیں فوری پی آئی سی منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی بھی ہسپتال پہنچے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عبوری ضمانت کیلئے دی گئی درخواست منظور کر لی تھی۔سابق جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی اسد عمر نے سائفر کیس میں عبوری ضمانت کیلئے اپیل کی تھی۔

عدالت کو گزشتہ برس دی گئی اپنی درخواست میں اسد عمر نے کہا کہ میرے خلاف سائفر کیس سیاسی بنیاد پر قائم کیا گیا ہے جس کا مقصد مجھے ہراساں اور بلیک میل کرنا ہے۔سائفر کیس بے بنیاد ہے۔ مقدمے میں شامل کی گئی دفعات بھی غلط ہیں، میں شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں۔

Related Posts