ڈھاکہ: بنگلہ دیشی صدر نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا سمیت دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی کا حکم دے دیا ہے۔ صدر نے فوج کو شہریوں اور ریاستی اثاثوں کے تحفظ کیلئے سخت کارروائی کا بھی ہدایت کی۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے قوم سے خطاب میں بنگلہ دیشی صدر محمد شہاب الدین نے کہا کہ سیاسی جماعتیں بنگلہ دیش میں امن و امان بحال کرنے کیلئے تخریب کاری بند کروائیں۔ سابق وزیراعظم بنگلہ دیش خالدہ ضیا سمیت تمام بے گناہ قیدیوں کو رہا کیا جائے۔
خطاب کے دوران صدر محمد شہاب الدین نے کہا کہ “طلبہ تحریک کے متاثرین کے اہلِ خانہ کو معاوضہ دیا جائے گا۔” دریں اثناء طلبہ تحریک کے رہنماؤں نے متعلقہ حکام کو احتجاج زدہ بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کی تشکیل کیلئے 24 گھنٹوں کا وقت دے دیا۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کی مستعفی اور ملک سے فرار وزیراعظم شیخ حسینہ واجد بھارت میں ہی موجود ہیں۔ بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم حسینہ واجد کو ہندان ائیر بیس سے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے تاکہ ان کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بنگلہ دیش میں طلبہ تحریک کے دوران مسلسل ہنگامہ آرائی ہوئی، جس کے بعد فوج سے مدد طلب کی گئی تھی۔ وزیراعظم حسینہ واجد نے وزیراعظم کے استعفے کا مطالبہ کرنے والوں کو ملک کا غدار قرار دیا تھا، تاہم شیخ حسینہ واجد کو ملک چھوڑنا پڑا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








